منظور احمد وٹوسے راولپنڈی، جہلم، اٹک اور چکوال کے پارٹی عہدیداران کی ملاقاتیں
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و صدر پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے بدھ کو یہاں راولپنڈی، جہلم، اٹک اور چکوال کے ضلعی پارٹی عہدیداران کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل تنویر اشرف کائرہ اور راولپنڈی ڈویژن کے کوآرڈینیٹر راجہ عمران اشرف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ راولپنڈی ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ضلعی صدور نے میاں منظور احمد وٹو کو موجودہ دور میں ان کے اضلاع میں ہونے والے ترقیاتی کاموں اور عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور پارٹی پوزیشن پر انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر ایسے رہنماﺅں اور کارکنوں کو دیئے جائیں گے جو پارٹی کاز کے ساتھ مخلص اور کمٹڈ اور عوام میں بھی مقبول ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیساتھ الیکشن لڑنا ہے۔