امریکہ کو اسلحہ لیجانے کی اجازت، پارلیمنٹ کی کمیٹی کا نوٹس، اظہار تشویش
اسلام آباد(آئی این پی) پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی برائے قومی سلامتی نے ایف بی آر کی جانب سے کسٹم قوانین میں تبدیلی کے ذریعے امریکہ کو طور خم و چمن بارڈر سے اسلحہ لے جانے کی اجازت دینے کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔ بدھ کو پارلیمانی ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے کسٹم جنرل آرڈر میں تبدیلی کے ذریعے امریکہ کو نیٹو سپلائی کے ذریعے چھوٹا اسلحہ ودیگر فوجی ساز و سامان لیجانے کی اجازت دینے کی خبرمیڈیا پر آنے کے بعد حکومتی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا اور ایف بی آر کے چیئرمین اور ممبر کسٹم کو بلاکر معاملے کا جائزہ لیا جائےگا۔ تاہم کمیٹی کے چیئرمین رضا ربانی نے اس حوالے سے کوئی رائے دینے سے انکار کردیا ہے۔