پاکستان ریلوے کا خسارے پر قابو پانے کےلئے اپنے وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان ریلوے نے مسافر ٹرینوں کے علاوہ فریٹ ٹرینوں کی حالت زار بہتر بنانے اور بند ٹرینوں کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں نئے انجنوں کی خریداری کے ساتھ ساتھ پرانے انجنوں کی مرمت وبحالی کا کام بھی کیاجارہا ہے۔ ریلوے حکام نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ پرانے انجن فریٹ ٹرینوں کےلئے استعمال کئے جائیں گے، ریلوے ورکشاپس میں انجنوں کی مرمت وبحالی کا کام جاری ہے اور پاکستان ریلوے ایک ماہ میں 8سے 10 انجن مرمت کرنے کی استعداد رکھتا ہے۔ پاکستان ریلوے نے 2400 ایکڑ اراضی قابضین سے واگزار کرا لی ہے جبکہ واگزار کرانے کیلئے آپریشن بھی جاری ہے، ریلوے کو خسارے سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے اپنے ہی وسائل کو بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سال 2012ءمیں ریلوے کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے اور سال میں ریلوے نے ایک ارب روپیہ منافع کمایا۔ ریلوے حکام کے مطابق حکومت نے ریلوے کی بہتری کیلئے 6 ارب روپے ریلیز کئے جس سے ریلوے کی حالت بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔ ریلوے ٹریکس کو دو رویہ کرنے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے اور 2013ءکے آخر تک لاہور تک ڈبلنگ آف ٹریک منصوبے پر کام مکمل کیا جائے گا۔