• news

سڈنی ٹیسٹ : سری لنکا پہلی اننگز میں 294 رنز پر آﺅٹ


سڈنی (اے پی پی) سری لنکا کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بھی مشکلات سے دوچار، مہمان ٹیم کے بلے بازوں کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری،لہیروتھریمانے اور مہیلا جے وردھنے کے علاوہ کوئی بھی بلے باز آسٹریلوی باﺅلرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکا اورسری لنکا کی ٹیم پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 294 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی ۔ لہیروتھریمانے اور مہیلا جے وردھنے کی عمدہ بیٹنگ کے باعث سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں میزبان ٹیم کو معقول ہدف دینے میں کامیاب ہوسکی، دونوں بلے بازوں نے آسٹریلوی باﺅلرز کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، لہیروتھریمانے نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا لیکن بدقسمتی سے وہ اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری سکور کرنے میں ناکام رہے اور 91 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے، تجربہ کار مہیلا جے وردھنے 72 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیکسن برڈ نے 4، مچل سٹارک نے 3، پیٹر سڈل نے 2 جبکہ نیتھن لیون نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ شروع ہونے سے قبل انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مشہور کمنٹیٹر ٹونی گریگ کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ جمعرات کو سڈنی کرکٹ گراﺅنڈ میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا کی طرف سے دیمیتھ کارونا رتنے اور تلکررتنے دلشان نے اننگز کا آغاز کیا۔ دیمیتھ کارونا رتنے 5 رنز بناکر جیکسن برڈ کی گیند پر مائیکل ہسی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ تلکررتنے دلشان دوسرے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 34 رنز بناکر جیکسن برڈ کی گیند پر واڈے کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ کپتان مہیلا جے وردھنے تیسرے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 72 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر مائیکل کلارک کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے،لہیروتھریمانے نے ایک اینڈ پر اپنی محتاط بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا، تھیلان سماراویرا چوتھے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 12 رنز بناکر پیٹر سڈل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے تھے۔ انجیلو میتھیوز 15 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر مائیکل ہسی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے، اس موقع پر لہیروتھریمانے کی عمدہ اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ 91 رنز بناکر نیتھن لیون کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے، دھمیکا پرساد ساتویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 2 رنز بناکر پیٹر سڈل کی گیند پر سٹارک کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے، دنیش چندیمل 24 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، رنگانا ہیراتھ 5 رنز بناکر جیکسن برڈ کی گیند پر پیٹر سڈل کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے، سورنگا لکمل 5 رنز بناکر جیکسن برڈ کی گیند پرمائیکل ہسی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ نوان پردیپ 17 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ میچ کے پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں294 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی تھی۔ آسٹریلیا کی طرف سے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیکسن برڈ نے 4، مچل سٹارک نے 3، پیٹر سڈل نے 2 جبکہ نیتھن لیون نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ای پیپر-دی نیشن