پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی کارروائی براہ راست دکھانے کیلئے اسمبلی سیکرٹریٹ کو خط لکھنے کا فیصلہ‘ وزارت ہاﺅسنگ کی کارکردگی پر اظہار برہمی
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + نیوز ایجنسیاں) ندیم افضل چن کی زیر صدارت پی اے سی کا اجلاس ہوا۔ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی نے پی ڈبلیو ڈی کے آڈٹ پر برہمی کا اظہار کیا اور اس حوالے سے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری، چیف سیکرٹری بلوچستان کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا۔ پی اے سی نے مشترکہ مفادات کونسل کو بھی معاملہ بھجوانے کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی نے 20 روز میں تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ہاﺅسنگ کے آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی نے بتایا کہ 2004ءسے کوئٹہ میں پی ڈبلیو ڈی ہاﺅسنگ پر انٹیلی جنس بیورو کے افسر کا غیرقانونی قبضہ ہے۔ ڈی جی آئی بی اور سیکرٹری ہاﺅسنگ 10 دن میں معاملہ حل کریں۔ معاملہ حل نہ کیا گیا تو دس دن بعد ڈی جی آئی بی کو پی اے سی کے سامنے طلب کرینگے۔ غلام احمد بلور کے پاس 51 سرکاری گاڑیوں کی آڈٹ پیراز کی انکوائری شروع کردی گئی ۔ کمیٹی کے چیئرمین ندیم افضل چن نے پی اے سی سیکرٹریٹ کو ہدایت کی ہے کہ جن وزارتوں کے سیکرٹریز نے پی اے سی کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا ان کے نام پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی آئندہ رپورٹ میں شامل کئے جائیں اور پی اے سی کی کارروائی براہ راست دکھانے کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو خط لکھا جائے۔