• news

نیلم جہلم سرچارج سے 24 ارب 96 کروڑ جمع کئے‘ دیامیر بھاشا اور پن بجلی منصوبوں پر فنڈنگ کیلئے کوئی تیار نہیں: چیئرمین واپڈا

اسلام آباد(نوائے وقت نیوز) چیئرمین واپڈا کا کہنا ہے کہ نیلم جہلم سرچارج سے گزشتہ پانچ سال میں 24 ارب 96 کروڑ روپے جمع کئے گئے۔دیا میر بھاشا ڈیم اور سکردو میں پن بجلی منصوبوں پرفنڈنگ کےلئے کوئی تیار نہیں۔ سینٹ قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کا اجلاس چیئرمین زاہد خان کی صدارت میں ہوا۔ سپیشل سیکرٹری حمایت اللہ خان نے کمیٹی کو بتایا کہ رواں سال جون تک نیلم جہلم منصوبے کیلئے 24 ارب روپے کی ضرورت ہے۔ ٹنل بورنگ میشن اور ٹھیکیدار کو گیارہ ارب روپے ادا کرنے ہیں جس کیلئے وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت خزانہ سے بات چیت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دیا میر بھاشا ڈیم اور سکردو میں پن بجلی منصوبوں پرفنڈنگ کے لئے کوئی تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پن بجلی منصوبوں پر فنڈنگ کیلئے واپڈا کے اثاثے گروی رکھنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔چیئرمین واپڈا راغب شاہ نے کمیٹی کو بتایا کہ ٹنل بورنگ مشین کی انشورنس میں بھارت رکاوٹ تھا تاہم اب بین الاقوامی کمپنیوں نے انشورنس کی یقین دہانی کرادی ہے۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ نیلم جہلم سرچارج سے گزشتہ پانچ سالوں میں 24 ارب 96 کروڑ روپے جمع ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ 22 میگاواٹ کا جبن پن بجلی منصوبہ 31 مارچ تک مکمل پیداوار شروع کردےگا۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ 84 میگاواٹ کے کرم تنگی ڈیم کی تعمیر کیلئے زمین کی خریداری کا کام شروع کردیا گیا۔امریکہ نے ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے یقین دہانی کرائی ہے۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ پلاننگ کمیشن کی جانب سے کرم تنگی ڈیم کی تعمیر کیلئے 8 کروڑ کی دوسری قسط جاری کردی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن