• news

حکومت گندم کے مصنوعی بحران کا نوٹس لے : فلور ملز مالکان

کراچی (کامرس رپورٹر) فلور ملز مالکان نے کہا ہے کہ سندھ میں گندم کا مصنوعی بحران پیدا کیا جارہا ہے حکومت سندھ نے توجہ نہ دی تو ہم ہڑتال و احتجاج کی کال دینے پر مجبور ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار کراچی پریس کلب میں الیاس کباڈیہ وائس چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن کراچی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال گندم کی فصل بہت اچھی ہوئی تھی حکومت نے عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کے لئے لبرل پالیسی اپنائی لیکن گزشتہ ایک ماہ سے گندم کی سپلائی میں اچانک خلل ڈالا گیا ہے جس کے نتیجے میں کراچی سمیت صوبے بھر میں آٹے کا شدید بحران ہونے کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹریڈرز اور ایکسپورٹرز 2800روپے میں گندم خرید کر بلیک میں 3400روپے میں کراچی اور سندھ سے باہر فروخت کررہے ہیں ۔جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر کی فلور ملز کو 300بوری گندم فراہم کی جارہی ہے جو فلور ملز کو چلانے کے لئے ناکافی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن