وراثت اور ہراسمنٹ بل کی منظوری سے خواتین کو تحفظ ملے گا:ذکیہ شاہ نواز
لاہور (لیڈی رپورٹر) وزیراعلی پنجاب کی مشیر بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ وراثت اور ہراسمنٹ بل کی منظوری سے خواتین کی معاشی و معاشرتی اور قانونی حیثیت مستحکم ہو گی۔ یہ بات انہوںنے اپنی رہائش گاہ پر خواتین کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے کہا کہ 2012ءوزیراعلی پنجاب کا ویمن پیکج خواتین کو ملکی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے اور انہیں معاشرتی طور پر بااختیار بنانے کا ضامن ثابت ہوا۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں خواتین کو وراثت میں حصہ دینے اور کام کی جگہ پر انہیں ہراساں کرنے سے تحفظ کے بلوں کی منظوری ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس سے معاشرے کے تمام نظام میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے مثبت تبدیلی آئے گی اور انہیں قانونی وسماجی تحفظ حاصل ہو گا۔ انہوںنے کہا کہ موثر قانون سازی سے خواتین پر تشدد کے خاتمے، وٹہ سٹہ کی شادی اور غیرت کے نام پر قتل جیسے جرائم پر قابو پایا جا سکے گا۔