• news

الیکشن وقت پر ہوں گے : کائرہ ۔۔۔ طاہر القادری کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ نہیں : نوید قمر

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ شفاف الیکشن سب کی خواہش ہے، دنیا کا کوئی الیکشن کمشن قانون سازی نہیں کرتا، قانون سازی کا اختیار صرف پارلیمنٹ کو ہوتا ہے، طاہر القادری واضح کریں کہ وہ انتخابات میں حصہ لینا چاہتے ہیں یا نہیں۔ الیکشن وقت پر ہوں گے، ایک لمحہ تاخیر نہیں ہو گی، انتخابات قومی امانت ہیں شفاف ہوں گے۔ چودھری برادران وضاحت کر چکے لانگ مارچ کا حصہ نہیں بنیں گے، الیکشن کمشن پر (ق) لیگ کے تحفظات ان کا نقطہ نظر ہے۔ طاہر القادری انتخابی اصلاحات کے لئے الیکشن کمشن سے رابطہ کریں، مشرقی سرحدوں پر خطرات ہیں اس سے غافل نہیں فوجی قیادت نے جمہوری عمل کی حمایت کی ہے۔ ادھر وزیر دفاع نوید قمر نے کہا ہے کہ طاہر القادری کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ نہیں ہے، بعض لوگ کمپنی کی مشہوری کیلئے ایسی باتیں کرتے ہیں۔ احتجاج طاہر القادری کا حق ہے۔ طاہر القادری ایسی جگہ احتجاج کریں جہاں امن و امان کا مسئلہ نہ ہو۔ ملا نذیر سمیت کوئی اچھا یا برا طالبان نہیں، ایبٹ آباد کمشن کی رپورٹ سرد خانے میں ڈالنے کے لئے نہیں بنائی گئی جس کے خلاف سفارش کی گئی، کارروائی کریں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن