• news

سی این جی ایسوسی ایشن نے لانگ مارچ کی حمایت کردی‘ طاہر القادری لوٹ مار ختم کرنے آئے ہیں : الطاف حسین

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ سٹاف رپورٹر) ڈاکٹر طاہرالقادری نے متحدہ کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فون پر سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ طاہرالقادری پر تہمتیں لگانے والے سٹیٹس کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ نظریاتی ہم آہنگی کی وجہ سے طاہرالقادری کی حمایت کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری الیکشن ملتوی کرانے نہیں آئے بلکہ فرسودہ جاگیردارانہ نظام، لوٹ مار، کرپشن کے خاتمے کے لئے آئے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ بعض رہنما کہہ رہے ہیں کہ شیخ الاسلام الیکشن ملتوی کرانے آئے ہیں جبکہ بعض رہنما کہتے ہیں میں جمہوری نظام ڈی ریل کرنے آیا ہوں۔ سی این جی ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین کیپٹن (ر) شجاع انور کی قیادت میں 8رکنی وفد نے ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے 14جنوری کے لانگ مارچ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ طاہرالقادری نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ 14جنوری کا دن ملک کو درپیش تمام مسائل کے حل کا دن ہو گا۔ دوسری جانب راولپنڈی میں منہاج القرآن کے وفد نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سے ملاقات کر کے ان کو 14جنوری کے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دی اور انہیں علامہ طاہرالقادری کا پیغام دیا۔ شیخ رشید احمدنے وفد کو بتایا کہ مشاورت کے بعد 10جنوری تک فیصلہ کر کے آگاہ کر دیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن