طاہر القادری انتشار کا راستہ اختیار کررہے ہیں : نوازشریف
پشاور (نوائے وقت نیوز + آن لائن + آئی این پی) صدر مسلم لیگ (ن) نوازشریف نے کہا ہے کہ طاہر القادری غریبوں سے اسلام کے نام پر اشیا لے رہے ہیں۔ وہ خود کو شیخ الاسلام کہتے ہیں، ہم اپنے آپ کو خادم اسلام کہنے سے بھی ڈرتے ہیں۔ بم دھماکے میں بشیر بلور کی شہادت پر تعزیت کے بعد اے این پی رہنماﺅں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ وہ لوگوں سے کہہ رہے ہیں موٹر سائیکلیں، چوڑیاں، زیور بیچ دیں۔ طاہر القادری انتشار کا راستہ منتخب کر رہے ہیں۔ کیا غریب آدمی کے زیورات اور موٹر سائیکلوں کو بیچ کر جلسے کئے جائینگے۔ آپ اسلام کو مینار پاکستان کے جلسوں میں کیوں لا رہے ہیں، ہم اس قسم کی سیاست کو پاکستان میں چلنے نہیں دینگے۔ طاہر القادری غریب سے دھوکہ کر رہے ہیں، انتخابات کسی صورت ملتوی نہیں ہونے دینگے۔ غریبوں کو لوٹنے کی سیاست کے قائل نہیں۔ (ق) لیگ اور ایم کیو ایم کس کیخلاف لانگ مارچ کر رہے ہیں۔ (ق) لیگ اور ایم کیو ایم والوں کو چاہئے کہ وہ صدر زرداری کا ساتھ دیں یا شیخ الاسلام کا ساتھ دیں۔ کون کس کے ساتھ ہے فیصلہ خود کریں۔ چند ہزار افراد کو 18 کروڑ عوام کا حق چھیننے نہیں دینگے۔ خود شیخ الاسلام بن جانا کہاں کا اسلام ہے۔ یہ لوگ انتہائی بے اصولی کی سیاست کر رہے ہیں۔ ہم پاکستان کی خوشحالی چاہتے ہیں۔ مجھے ایم کیو ایم اور (ق) لیگ کی سمجھ نہیں آتی۔ ہمارا منشور عوام اور ملک کی خوشحالی ہے۔ لانگ مارچ کا ساتھ دینے والی جماعتوں کے نظریات سمجھ سے بالاتر ہیں۔ ایم کیو ایم اور (ق) لیگ کے وزرا کابینہ میں بیٹھے ہیں۔ آن لائن کے مطابق نوازشریف نے کہا کہ چند ہزار لوگوں کو 18 کروڑ عوام کا حق چھیننے نہیں دیں گے۔