• news

ذوالفقار بھٹو کی سالگرہ کے سلسلہ میں ریڈیو پاکستان میں تقریب آج ہو گی


لاہور (کلچرل رپورٹر) قائداعظم عوام ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے سلسلے میں ریڈیو پاکستان لاہور میں آج 5 جنوری کو رات چھ بجے ایک تقریب ہو گی جس میں عوام اور پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 85ویں یوم ولادت کے سلسلے میں کیک بھی کاٹا جائیگا۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ تقریب کی صدارت کریں گے جبکہ وفاقی وزیر برائے سماجی بہبودو خصوصی تعلیم ثمینہ خالد گھرکی اور ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان مرتضیٰ سولنگی اس موقع پر مہمانان خصوصی ہوں گے۔ وزیر اطلاعات و نشریات ایف ایم۔101 کے نئے کمپیوٹرائزڈ سٹوڈیو کا افتتاح بھی کریں گے۔ پی پی پی لیبر بیورو کے صدر چودھری منظور احمد اور معروف تجزیہ کار اور دانشور ڈاکٹر مہدی حسن قائد عوام کی سیاسی خدمات، کارناموں اور قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے۔ اس موقع پر معروف فنکار فریحہ پرویز، انور رفیع، غلام عباس، سارہ رضا خان، ندیم عباس لونے والا، سائرہ نسیم، افشاں اور حمیرا چنا اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ یہ شو ایف ایم۔101 اور ایف ایم۔93 کے قومی نیٹ ورک پر براہِ راست نشر کیا جائےگا۔

ای پیپر-دی نیشن