تیسرا ون ڈے کل کھیلا جائیگا : پاکستان بھارت ٹیمیں نئی دہلی پہنچ گئیں‘ کلین سویپ کرینگے : مصباح: مقابلہ ہو گا : دھونی
دہلی(چودھری محمد اشرف) پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا تیسرا او آخری میچ کل فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم دہلی میں کھیلا جائیگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے11بجے شروع ہوگا ۔1992ءکی ورلڈ چیمپئن پاکستان نے 2011ءکی ورلڈ چیمپئن بھارت کی ٹیم کو سیریز کے پہلے دو میچوں میں شکست دیکر فیصلہ کن برتری حاصل کر رکھی ہے۔ دونوں روایتی حریف کے درمیان اب تک 123 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 71 میں پاکستان جبکہ 48 میچوں میں بھارت نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ جاری سیریز کا پہلا میچ چنائی میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان ٹیم نے میزبان ٹیم کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی جبکہ کولکتہ کے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے بھارت کو 85 رنز سے زیر کیا۔ پاکستانی اوپنر ناصر جمشید نے دونوں ایک روزہ میچوں میں سنچری سکور کیں۔ فیروز شاہ کوئٹلہ میں دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹاکرا ہے اس سے قبل 2005ءمیں اس میدان میں آمنا سامنا ہوا تھا جس میں پاکستان ٹیم نے 159 رنز کے واضح مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ کل کھیلے جانے والے میچ میں میزبان بھارت کی ٹیم پہلے دو میچوں میں ہونے والے شکستوں کا زخم دھونے کے لیے میدان میں اترے گی۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں گذشتہ روز کولکتہ سے دہلی پہنچ گئیں تاہم دونوں ٹیموں نے شام کے اوقات میں پریکٹس سیشن میں حصہ لینے کی بجائے آرام کو ترجیح دی۔ پاکستان ٹیم کی مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کے اعزاز میں پاکستانی ہائی کمشن کی جانب سے عشائیہ دیا گیا جس کے بعد ہوٹل پہنچ کر آج کے دن کے لیے حکمت عملی بنائی گئی۔ پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف دوسرے ون ڈے میں کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور اسکا کریڈٹ ٹیم کے ہر کھلاڑی کو جاتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان کی پوری کوشش ہو گی کہ تیسرے ون ڈے میچ بھی اپنی پرفارمنس کا تسلسل برقرار رکھیں اور کلین سویپ کریں گے۔ ٹیم میں تبدیلی مینجمنٹ کی مشاورت سے کی جائے گی، اکیلا کچھ نہیں کرتا۔ نئے سال کی تقریبات میں جہاں تک شرکت نہ کرنے کا تعلق ہے ہمارا تمام فوکس صرف اور صرف کرکٹ پر ہے تاکہ اچھی کرکٹ کھیل کر کامیابی حاصل کی جائے۔ بھارت کے موسم نے بھی ہمارے باﺅلرز کی مدد کی۔ بھارتی کپتان مہندراسنگھ دھونی نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا اور فتح کی حقدار ٹھہری، تیسرامیچ جیتے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹنگ مسائل کے باعث سیریز میں شکست ہوئی۔ کل مقابلہ کرکے کامیابی حاصل کریں گے۔ کھلاڑی واپسی کیلئے پُرعزم ہیں، بلے بازوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا تو میچ جیت جائیں گے۔