جنوبی وزیرستان ....ڈرون حملوں‘ ملا نذیر کو نشانہ بنانے کیخلاف 10 ہزار قبائلیوں کا مظاہرہ‘ یوم سیاہ منایا
وانا (اے ایف پی+ آئی این پی) جنوبی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں طالبان رہنما ملا نذیر کو نشانہ بنانے کے خلاف احمدزئی وزیرقبائل سمیت 10ہزار افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور یوم سیاہ منایا۔ تمام کاروباری اور تجارتی مراکز مکمل طور پر بند رہے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اور بینر اٹھائے ہوئے تھے۔ مظاہرین امریکہ کے خلاف نعرے لگا رہے تھے اور انہوں نے سیاہ پرچم اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ڈرون حملے بند کرائے جس میں ہزاروں بے گناہ شہری جاںبحق ہورہے ہیں۔ امریکی سفیر کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا جائے۔ انہوں نے کہا ملا نذیر کا قتل علاقے میں امن تباہ کرنے کے مترادف ہے۔