• news

ایسے پاکستان میں چپڑاسی کی نوکری کیلئے تیار ہوں جہاں آئین کی حکمرانی ہو: محمود اچکزئی


 اسلام آباد (آن لائن+ آئی این پی) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہم سب کو متحد ہوکر دنیا کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ جمہوریت ہمیں عزیز ہے۔ آئین کے مطابق انتخابات مقررہ وقت پر ہوں خدا کرے شیخ الاسلام جیت جائیں۔ آمر حاکم کا ساتھ دینے والے شیخ الاسلام نہیں ہوتے۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے جمہوریت کو درپیش مشکلات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میاں نواز شریف اور اسفند یار ولی سے رابطہ کیا اور سب نے اس پر اتفاق کیا کہ جمہوریت کے دفاع کےلئے متحدہ محاذ ہونا چاہئے۔ میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کسی پل کا کردار ادا نہیں کررہا۔آزاد عدلیہ ،آزاد میڈیا، آزاد الیکشن کمشن یہ لولی لنگڑی جمہوریت کسی نے خیرات میں نہیں دی۔ یہ 20 کروڑ عوام کی امانت ہے اگر خدانخواستہ پاکستان میں کوئی فکر ہے کہ جمہوریت کو ڈی ریل کیا جائے تو میرا ایمان ہے کہ ملک کے 20 کروڑ عوام اس ملک کو تحریر سکوائر بنا دیں گے، نگران سیٹ اپ بننا چاہئے۔ آئین کے مطابق نگران و عبوری حکومت بنے آئین کے مطابق الیکشن ہوں بھلے شیخ الاسلام جیت جائیں یقیناً جمہوریت کےلئے خطرہ محسوس ہورہا ہے۔ آئی این پی کے مطابق محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اگر الےکشن وقت پر نہ ہوئے تو بہت بڑی بربادی آئے گی اگر جمہوریت پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو کم از کم اپنے علاقوں میں تحریر سکوائر ضرور بنادوں گا، ایسے پاکستان میں چپڑاسی کی نوکری کرنے کے لئے تیار ہوں جہاں انسان کی عزت آئین کی حکمرانی ہو۔ بی بی سی کے مطابق پاکستان میں سرکاری طور پر نگران وزیراعظم کے بارے میں تاحال تو کوئی بھی کچھ بتانے کو تیار نہیں ہے لیکن بظاہر ایسا لگتا ہے کہ پشتون قوم پرست رہنما محمود خان اچکزئی فریقین کی اولین ترجیح بنتے جا رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے کچھ ہفتے قبل انہیں اپنی جانب سے نگران وزیراعظم نامزد کرنے کی پیشکش کی تھی۔ محمود خان اچکزئی کی مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف سے بات چیت اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کے بعد ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ محمود خان اچکزئی نگران وزیراعظم کے امیدواروں کی لسٹ میں سرفہرست آ گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن