ساجد میر کی مسلم لیگ (ن) کے سربراہ سے ملاقات‘ نام نہاد انقلاب کے دعویداروں میں ہمت ہے تو الیکشن لڑیں : نوازشریف
لاہور( خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے مرکزی جمعیت اہلحدیث کے امیر سنیٹر پروفیسر ساجد میر اور سیکرٹری جنرل(ناظم علی) حافظ عبدالکریم نے گزشتہ روز جاتی عمرہ رائے ونڈ میں ملاقات کی۔نواز شریف کے پولیٹیکل سیکرٹری و میڈیا ایڈوائزر ڈاکٹر آصف کرمانی نے بتایا کہ دونوں رہنماﺅں نے ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ دریں اثناءذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شخص یا جماعت کو 18کروڑ عوام کو یرغمال بنانے کا حق نہیں دیاجاسکتا۔نام نہاد انقلاب کے دعویداروں میں ہمت ہے تو الیکشن لڑیں اور ووٹ کی پرچی کے ذریعے انقلاب لائیں۔ پروفیسر ساجد میر نے نواز شریف سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل مستحکم جمہوریت میں ہے اور کسی کو بھی اجازت نہیں دینی چاہئے کہ وہ الیکشن اور جمہوریت کو سبوتاژ کرے۔