• news

اسلم رئیسانی‘ شجاعت ملاقات : اتحاد برقرار رکھنے ‘ الیکشن ملکر لڑنے پر اتفاق


اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت نیوز) ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین سے بلوچستان کے وزیراعلیٰ نواب اسلم رئیسانی اور بھارتی اداکار شتروگھن سنہا نے گذشتہ روز یہاں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر تعلیم شیخ وقاص اکرم ، وزیراعظم کے خصوصی مشیر چوہدری امتیاز احمد رانجھا بھی موجود تھے۔ چوہدری شجاعت، اسلم رئیسانی ملاقات میں ملکی اور بلوچستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی اور ق لیگ کے اتحاد کو برقرار رکھنے اور آئندہ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے فارمولے کے تحت ملکر الیکشن لڑنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ق لیگ کے صدر کو بتایا وہ ق لیگ سمیت دیگر تمام اتحادیوں سے ملکر صوبائی حکومت کو احسن طریقے سے چلا رہے ہیں اب حالت میں کافی بہتری آئی ہے۔ دریں اثناءبھارتی اداکار شترو گھن سنہا نے بھی چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی جس میں پاکستان بھارت تعلقات کو بہتر بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن