پاکستان سے شکست، بھارتی شہروں میں دھونی، سہواگ کیخلاف مظاہرے
کراچی (خصوصی رپورٹ) پاکستانی شاہینوں اور انگلینڈ کی ٹیم سے ہوم گرا¶نڈ پر لگاتار دو سیریز ہارنے کے بعد بھارتی میڈیا نے مہندرا سنگھ دھونی، گوتم گھمبیر اور سہواگ کی چھٹی کرانے کی ٹھان لی ہے۔ میڈیا نے پاکستان سے شکست کے بعد بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی سمیت تمام کھلاڑیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھونی کو فوری طور پر کپتانی سے ہٹا کر ٹیم کی باگ ڈور ویرات کوہلی کے سپرد کی جائے۔ ٹی وی چینلز اور اینکر پرسنز کا کہنا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ بھارتی ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی جائیں، عمررسیدہ کھلاڑیوں کو باہر نکال کر نوجوان کھلاڑیوں کو ملک کی نمائندگی کا موقع دیا جائے۔ امت کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے مختلف شہروں میں کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور آل را¶نڈر سہواگ کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ شائقین کرکٹ کی جانب سے دھونی کو کپتان سے ہٹانے کا مطالبہ ایک مرتبہ پھر زور پکڑ گیا ہے۔ اس مرتبہ وریندر سہواگ کو بھی ان کی غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کے سبب سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے بھارتی میڈیا پر واضح کر دیا ہے کہ وہ ان سے نبٹنے کیلئے بالکل تیار ہیں۔ سینئر تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ مہندرا سنگھ دھونی ٹیم کیلئے نہیں بلکہ اپنی کپتانی بچانے کیلئے کھیل رہے تھے۔