پاکستان نے سال کی بہترین کرکٹ ٹیم کا ایوارڈ حاصل کر لیا
نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں) پاکستان نے سال کی بہترین کرکٹ ٹیم کا ایوارڈ حاصل کر لیا ۔ ایک ٹائرساز کمپنی کی جانب سے بھارتی دارلحکومت نئی دہلی میں ہونے والی ایک تقریب میں سابق قومی کپتان وسیم اکرم ، کپیل دیو، رمیز راجہ، انضمام الحق، اجے جڈیجا،سنیل گواسکر، یش پال شرما، سعید انور اور دیگر کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر گزشتہ سال مختلف ٹیموں کیخلاف شاندار کامیابی او ر فتوحا ت سمیٹنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو سال2011-12 کی بہترین انٹرنیشنل ٹیم قرار دیا گیا۔ قومی ٹیم نے انگلینڈ کو متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ سیریز میں تاریخی شکست دی تھی جبکہ ویسٹ انڈیز، زمبابوے، نیوزی لینڈ کے خلاف بھی کامیابی حاصل کی۔ تقریب کے دوران سابق کپتان انضمام الحق کو بہترین ون ڈے بیٹسمین اور سنیل گواسکر کو بہترین ٹیسٹ بیٹسمین کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ظہیر عباس نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کیا۔ وسیم اکرم کو بہترین ون ڈے با¶لر ایوارڈ اور کپیل دیو کو بہترین ٹیسٹ با¶لر کا ایوارڈ دیا گیا۔ آڈینس چوائس ایوارڈ مشترکہ طور پر سابق قومی اوپنر سعید انور اور بھارت کے وریندر سہواگ نے وصول کیا۔ بھارتی نائب کپتان ویرات کوہلی کو انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ائر ایوارڈ دیا گیا۔ انہوں نے کمار سنگاکارا، مائیکل کلارک، ہاشم آملا کو پیچھے چھوڑا جبکہ بھارتی انڈر نائنٹین کرکٹ ٹیم کے کپتان انمکٹ چند نے ینگسٹر آف دی ائر ایوارڈ اپنے نام کیا۔