الیکشن بروقت ہونگے، طاہر القادری کے لانگ مارچ سے خوفزدہ نہیں: احمد مختار
صدر گوگیرہ/اوکاڑہ/پھالیہ (نامہ نگاران) وفاقی وزیر پانی وبجلی چوہدری احمد مختار نے کہا ہے کہ شور مچانے والے شور مچاتے رہیں لیکن”خداگواہ“ ہے جمہوریت کی مستقل بحالی اور موجودہ بحرانوں کے خاتمہ کے لئے آخری وقت تک مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے‘ انتخابات میں تاخیر کا شور مچانے والے مٹھی بھر عناصر پوری قوم کو گمراہ کر رہے ہیں۔ ملک میں بروقت الیکشن کرانا طے ہے‘ ڈاکٹر طاہرالقادری کس کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی اوکاڑہ کے ضلعی صدر اشرف خان سوھنا کے ہمراہ میڈیا سنٹر کے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری احمد مختار نے کہا کے جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے والے عناصر کو ناکامی کے سوا کچھ حاصل ہونے والا نہیں۔ تمام جماعتوں کی مشاورت سے نگران سیٹ اپ آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کے عوامی طاقت کے بل بوتے پر دوبارہ اقتدار میں آکر قومی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے اور رہ جانے والے بحرانوں سے مستقل چھٹکارا پانے کے کام کو پایہ تکمیل تک پہچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ سے بالکل خوف زدہ نہیں لیکن قوم کے ایک ایک فرد کے جان ومال کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے کسی کو قانون ہاتھ میں لینے یا املاک کو نقصان پہچانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ آئی این پی کے مطابق پھالیہ میں گفتگو کرتے ہوئے احمد مختار نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آمریت کو شکست دی ہے، آنے والا دور پھر پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی ہوگا، چند عاقبت نا اندیش امپورٹڈ سیاستدان لانگ مارچ کی دھمکیاں دے کر پاکستان میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں۔