الیکشن کمشن کی 2 رکنی مانیٹرنگ ٹیم انتخابی سرگرمیاں ریکارڈ کرے گی
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) الیکشن کمشن اگلے عام انتخابات میں امیدواروں کے اخراجات اور ان کی سرگرمیوں کو کیمرے کی آنکھ سے دیکھے گا۔ اس مقصد کے لئے الیکشن کمشن اپنی مانیٹرنگ ٹیم کے ساتھ اپنا کیمرہ مین بھیجے گا جو متعلقہ حلقہ میں ہونے والی سرگرمیوں کی فلم تیار کرے گا۔ جسے الیکشن کمشن کے ریکارڈ میں محفوظ رکھا جائے گا۔ الیکشن کمشن کے ایک ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا کہ ملک بھر میں الیکشن کی سرگرمیوں کو مانیٹر کرنے کے لئے دو افراد پر مشتمل مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دی جائے گی جو مانیٹرنگ کرے گی۔ اس ٹیم کو انتظامیہ مکمل سیکورٹی فراہم کرے گی۔ ذرائع کے مطابق مانیٹرنگ ٹیموں کے لئے کیمرے غیر ملکی ڈونرز فراہم کریں گے۔ اس ذریعہ کے مطابق اگلے عام انتخابات میں پولنگ سٹیشن سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے مشورے سے بنائے جائیں گے۔ ایسے پولنگ سٹیشن جو متنازعہ ہوں یا ماضی میں ”گھوسٹ پولنگ“ سٹیشن بنتے تھے وہ اب نہیں بنیں گے اب پولنگ سٹیشن اتفاق رائے سے بنائے جائیں گے۔ ذرائع سے پوچھا گیا کہ الیکشن کمشن کے کیمروں کی آنکھ کیا کچھ دیکھے گی تو ذریعہ نے بتایا کہ یہ مختلف امیدواروں کی سرگرمیوں کو فلمائے گی اور الیکشن کمیشن نے جو قانونی حدود مقرر کی ہیں ان سے اگر کوئی تجاوز کر رہا ہے تو کیمرہ اس تجاوز کو محفوظ کرلے گا۔ ذرائع کے مطابق امیدواروں کے ایسے پوسٹرز جو امیدوار کے حامیوں کی طرف سے شائع کرکے لگائے گئے ہوں گے وہ بھی امیدوار کے کھاتے میں جائیں گے۔ ان پر اٹھنے والے اخراجات بھی امیدوار کے لئے مقرر کردہ اخراجات کی حدود میں شمار کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پولیس فوج یا سیکورٹی کا عملہ چوکس پولنگ سٹیشن پر متعین ہوگا۔ ان کے پاس الیکشن کمیشن کا مقرر کردہ پریزائیڈنگ آفیسر ہوگا۔وہ اس سے احکامات لیں گے۔ اس پریزائیڈنگ آفیسر کو مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے جو اسے کم سے کم ایک ہفتے تک تفویض کئے جائیں گے۔