• news

مقبوضہ کشمیر: شہدا سو پور کی برسی پر ہڑتال‘ جیل ”بھرو تحریک“ کا دوسرا مرحلہ آج شروع ہو گا

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرکے قصبے سوپور میں کشمیریوں کے قتل عام کی بیسویں برسی کے موقع پر اتوار کو مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کال بزرگ کشمیری حریت رہنماءسید علی گیلانی نے دی تھی ۔تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بندرہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت معطل رہی۔6جنوری 1993ءکو بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروںنے سوپور قصبے میںاندھا دھند فائرنگ کر کے 50سے زائد کشمیریوں کو شہید اورسینکڑوں کوزخمی کردیا تھا۔فوجیوں نے یہ کارروائی ایک حملے میں اپنے دو ساتھیوں کی ہلاکت کا انتقام لینے کیلئے کی تھی۔فوجیوںنے قصبے کی مارکیٹ کو آگ لگادی تھی جس سے 350سے زائد دکانیں اور عمارتیں جل کر خاکستر ہو گئی تھیں۔حریت رہنماﺅں شبیر احمد شاہ ، مختار احمد وازہ ، یاسمین راجہ اور فردوس احمد شاہ نے الگ الگ بیانات میں اور تعزیتی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے شہدائے سوپور کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری شہداءکی قربانیوں کو ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیا جائے گا ۔ تحریک حریت جموںو کشمیر ، جموںو کشمیر محاذ آزادی ،جموںو کشمیر مسلم لیگ ،جموںو کشمیر لبریشن فرنٹ (آر)اور مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اپنے الگ الگ بیانات میں شہدائے سوپور کی قربانیوں کو اجاگر کیا۔ادھر جموںو کشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام کشمیری نوجوانوں کی عمر قید کی سزائیں منسوخ کرانے کیلئے ”جیل بھرو“ مہم کا دوسرا مرحلہ آج پیر سے شروع ہو گا۔ لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کہاہے کہ پارٹی رہنماءبشیر احمد بٹ اور شوکت احمد بخشی فرنٹ کے کارکنوں، نظربندوں اور شہداءکے اہل خانہ اور رشتہ داروں کے ہمراہ بٹہ مالو سرینگر گرفتاریاں پیش کریں گے۔ دریں اثناءکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق، شبیر احمد شاہ اور محمد فاروق رحمانی نے قاضی حسین احمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ لندن میں کشمیر سینٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر نذیر احمد شال نے کشمیریوں کے یوم حق خود ارادیت کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر بارے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد پر زور دیا ہے۔ تقریب میں بیرسٹر عبدالمجید ترمبو، چودھری محمد شعبان، چوہدری محمد خان، محمود ریاض اور دیگر نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن