• news

دہشت گردی کے خلاف اے این پی قیادت کا عزم پختہ ہے: عوامی نیشنل پارٹی

اسلام آباد (آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماﺅں نے کہا ہے دہشت گردی کے خلاف اے این پی قیادت کا عزم پختہ ہے‘ بشیر بلور کی شہادت سے پورے ملک میں عوام کے اندر طالبان کے خلاف شدید ردعمل پیدا ہوا ہے ‘ بشیر بلور سمیت اے این پی کے کارکنوں اور رہنماﺅں نے نہ تو پہلے دہشت گردوں کے سامنے سر جھکایا اور نہ ہی آئندہ جھکائیں گے۔ اتوار کو یہاں اے این پی اسلام آباد کے زیر اہتمام خودکش حملے میں شہید خیبر پی کے کے سینئر صوبائی وزیر بشیر بلور کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تعزیتی ریفرنس اور امن کانفرنس منعقد ہوئی جس سے بشیر بلور کے بھتیجے غضنفر بلور ‘ اے این پی پنجاب کے صدر عارف اظہر ‘ اے این پی کے رہنما نوابزادہ محسن علی خان سمیت دیگر رہنماﺅں نے خطاب کیا۔ عبدالنبی بنگش نے کہا پاکستان میں لوگ اقتدار ‘ عزت اور دولت سمیٹنے کے لئے سیاست کرتے ہیں مگر بشیر بلور نے ہمیشہ لوگوں کے ساتھ ہمدردی کی۔ بشیر بلور نے کبھی بھی پولیٹیکل پوائنٹ سکورنگ نہیں کی۔ عوامی نیشنل پارٹی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ اسلام امن ‘ بھائی چارے ‘ محبت اور مساوات کا درس دیتا ہے مگر طالبان جو بھی کارروائیاں کر رہے ہیں وہ اس کے برعکس ہیں۔ جنگ میں اے این پی کی قربانیاں سب کے سامنے ہیں۔ ٹارگٹ کلنگ میں اگر کوئی جماعت ہٹ لسٹ پر ہے تو وہ بھی اے این پی ہی ہے۔ بشیر بلور کو کئی بار طالبان نے دھمکیاں دیں مگر انہوں نے کوئی دھیان نہیں دیا۔ غضنفر بلور نے کہا اے این پی اسلام آباد کے رہنماﺅں کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے بشیر بلور شہید کی یاد میں امن کانفرنس منعقد کی۔ بشیر بلور شہید بہت دلیر شخص تھے۔ بشیر بلور جیسی ہمت و طاقت والا انسان صدیوں میں بھی پیدا نہیں ہو سکتا۔ کبھی بھی کسی کے آگے سر نہیں جھکایا۔ عارف اظہر نے کہا سیاست بہترین ذریعہ ہے لوگوں کی خدمت کرنے کا بشیر بلور شہید نے سیاست کے ذریعے عوام کی خدمت کی۔ بشیر بلور کی شہادت سے پیغام ملتا ہے کہ ہم پر امن لوگ ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن