نظربندی سے طاہر القادری کو سیاسی فائدہ ہوگا، گریز کیا جائے: رہنما پیپلز پارٹی
اسلام آباد(ثناءنیوز) حکمران جماعت پاکستان پیپلزپارٹی نے لانگ مارچ کے حوالے سے ڈاکٹر طاہر القادری کو نظر بند کرنے کی تجویز پر تحفظات کا اظہار کردیا گیا ہے ۔ پارٹی کے سرکردہ رہنماﺅں نے حکومت پر واضح کیا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی نظر بندی سے انہیںسیاسی فائدہ ہو گا اور یہ مسئلہ طوالت اختیار کر جائے گا معاملے کو انتظامی طور پر حل کیا جائے ۔ لانگ مارچ کے محرک کے تمام صورتحال سے آگاہ کرکے اسے فری ہینڈ دے دیا جائے کیونکہ ملک کی تمام سیاسی وجمہوری قوتیں جمہوریت کے تحفظ کے لیے حکومت کے ساتھ ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے اہم رہنماﺅں نے حکومتکو اعلیٰ سطح پر مشورہ دیاہے کہ وزارت داخلہ کو لانگ مارچ کے حوالے سے معاملات کو انتظامی طورپر حل کرنے کا ٹاسک دیا جائے ۔ لانگ مارچ کے منتظمین سے مشاورت کے ذریعے وزارت داخلہ سکیورٹی پلان ترتیب دے۔