• news

طاہر القادری کا ایجنڈا عوام کے دل کی آواز، وہ ملک میں بدنظمی نہیں چاہتے: مقررین

لاہور (نامہ نگار) جسٹس (ر) شریف حسین بخاری نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کا تسلسل ہی پاکستان کے موجودہ مسائل کا حل ہے جبکہ جمہوریت کی کامیابی کے لئے آئین و قانون کی بالادستی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے پاکستان ویژنری فورم کے زیر اہتمام ٹیک سوسائٹی کلب میں منعقد خصوصی اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 65 سال گزرنے کے باوجود ہم یہ فیصلہ نہیں کر سکے کہ کون سا سیاسی ڈھانچہ پاکستان کیلئے بہتر ہے اور نہ ہی ہماری سیاسی قیادت اس مسئلے کا حل نکال سکی ہے۔ زبیر شیخ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی تحریک کا مقصد بدنظمی پھیلانا نہیں بلکہ قومی و عوامی مسائل حل کرنا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا ایجنڈا عوام کے دل کی آواز ہے سابق وزیر مملکت قیوم نظامی نے کہا کہ موجودہ نظام کے تحت اگر انتخابات ہوئے تو مثبت تبدیلی کی بجائے پھر وہی چہرے سامنے آ جائیں گے میں ڈاکٹر طاہر القادری کی تحریک کو اس لئے سپورٹ کرتا ہوں ۔ کرنل زیڈ آئی فرخ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے ایجنڈے میں فارن پالیسی، دہشت گردی اور اقتصادی امور جیسے اہم معاملات کے متعلق کچھ نہیں کہا۔ ڈاکٹر محمد صادق نے کہا کہ وہ ڈاکٹر طاہر القادری مارشل لاءنہیں چاہتے بلکہ نظام میں اصلاحات لائی جائیں تاکہ ملک میں مثبت تبدیلی آ سکے۔ خالد محمود سلیم نے کہا کہ پاکستان میں لوگ سیاست کے میدان میں سرمایہ کاری کے نظریے سے آتے ہیں اور لوٹ مار کرتے ہیں بدقسمتی سے پاکستان میں مختلف خاندان اور برادریاں سیاست پر قابض ہیں سابق آڈیٹر جنرل پنجاب جمیل بھٹی نے کہا کہ پاکستان میں پرامن سماجی انقلاب لانے کیلئے اخلاقیات کی ترویج کرنے کی ضرورت ہے جس پر کچھ خرچ نہیں ہوتا۔ کرنل (ر) محمود شاہ نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی نظام جاری رہنا چاہئے اب حکومتیں عوام پر اتنا کنٹرول نہیں رکھ سکتیں جتنا ماضی میں ہوتا رہا ہے۔ اجلاس کے شرکاءنے مرحوم قاضی حسین احمد کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی۔

ای پیپر-دی نیشن