پاکستانی چوکی پر فائرنگ‘ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+آئی این پی) پاکستان نے آزاد کشمیر میں باغ سیکٹر میں بھارتی فوج کی دراندازی اور بلااشتعال فائرنگ کیخلاف بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو گزشتہ روز دفتر خارجہ طلب کرکے واقعہ پر شدید احتجاج کیا گیا۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی حوالے کیا گیا۔ دفتر خارجہ نے مراسلہ میں کہا کہ حاجی پیر سیکٹر میں فائرنگ سے ایک فوجی شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔ بھارتی حکومت مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کیلئے اقدامات کرے۔ دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستانی چوکی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے واقعہ پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ بھی دیاگیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے باغ کے قریب حاجی پیر سیکٹر کے علاقے میں سواں پترا چوکی پر حملہ کیا تھا۔ اس حملے کے نتیجے میں دو پاکستانی فوجی زخمی ہوئے تھے جن میں سے ایک فوجی لانس نائیک اسلم بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی کے بعد بھارتی فوج ہتھیار چھوڑ کر پسپا ہوگئی لیکن لائن آف کنٹرول پر آخری اطلاعات آنے تک جھڑپ جاری تھی اور دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا تھا۔ دوسری جانب بھارتی فوج کے ایک ترجمان کرنل برجیش پانڈے نے الزام عائدکیا تھا کہ پاکستانی افواج نے بھارتی چوکیوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی اور مارٹر گولے پھینکے جن سے ایک سویلین مکان تباہ ہو گیا۔