طاہر القادری کا لانگ مارچ رکوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ دائر
لاہور (وقائع نگا رخصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی طرف سے اعلان کردہ لانگ مارچ رکوانے کےلئے رٹ درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست گزار رانا علم الدین غازی ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میں حکومت پاکستان، وزارت داخلہ، حکومت پنجاب، چیف الیکشن کمشنر اور ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کو فریق بناتے ہوئے مو¿قف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ میں بُری طرح ناکام ثابت ہو چکی ہے۔لانگ مارچ میں لاکھوں افراد کے جان کا تحفظ کیسے یقینی بنا سکے گی یہ بہت بڑا سوال ہے۔ لانگ مارچ کے موقع پر بہت بڑا سانحہ اور بحران جنم لے سکتا ہے۔آئین کے تحت عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔لانگ مارچ ملک کو غیر مستحکم کرنے کے مترادف ہے اس سے پاکستان میں کوئی بھی بڑا سانحہ پیش آسکتا ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ محرم الحرام کے جلوسوں میں عوام کی حفاظت ممکن نہیں تو اس لانگ مارچ میں لوگوں کی حفاظت کو کیسے ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ مذکورہ لانگ مارچ کسی مخصوص ایجنڈے کے تحت کیا جا رہا ہے۔