خیبر پی کے اسمبلی میں طاہر القادری کی طرز سیاست کیخلاف متفقہ قرارداد منظور
پشاور(بیورو رپورٹ+نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے اسمبلی نے تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرزسیاست کے خلاف حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے جس میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بلاخوف و خطر انتخابات کی تیاری کا عمل جاری رکھے۔ پیرکی شام خیبر پی کے اسمبلی کے سپیکر کرامت اللہ خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی بیرسٹر جاوید عباسی نے سپیکر سے استدعا کی کہ رولز کو معطل کرکے انہیں حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے تیارکی گئی مشترکہ قرارداد ایوان میں پیش کرنے کی اجازت دی جائے جس پر سپیکر نے ایوان کی رائے سے مذکورہ رولز معطل کرکے محرک کو قرارداد پیش کرنے کی اجازت دی۔ قرارداد میں کہاگیاکہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کرنے جارہی ہیں لیکن کچھ قوتیں جمہوریت کی بساط لپیٹنے پرتلی ہوئی ہیں اور کچھ اسلام کے ٹھیکیدارغیروں کے اشاروں پر نہ صرف اسلامی کے منافی پروپیگنڈہ کررہے ہیں بلکہ ملک میںجمہوری نظام کوڈی ریل کرنے اور ایسے وقت میں انتخابی اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں جس سے الیکشن ملتوی کرنے کا جواز پیدا کیا جاسکے۔ علاوہ ازیں اجلاس کے دوران وزیراطلاعات میاں افتخارحسین نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں کسی صورت میں بھی جمہوریت ،آئین اور عوامی مینڈیٹ کے خلاف سازش کوکامیاب نہیں ہونے دیںگی، جمہوریت کوڈی ریل کرنے کا وقت گزر گیا ہے آج ملک میں حکومت اور اپوزیشن مل کر جمہوریت کی گاڑی کوکھینچ رہی ہیں۔