کوئٹہ : ٹارگٹ کلنگ‘ فائرنگ‘ بم دھماکے‘ مذہبی نتظیم کے کارکن سمیت 4 جاں بحق‘ 10 زخمی
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں میں مذہبی تنظیم کے کارکن سمیت 4 افراد جاں بحق، 10زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پسنی روڈ پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے گاڑی پر فائرنگ کرکے عبداللہ کو جاںبحق جبکہ 3 افراد کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔ لواحقین نے کلی قمبرانی روڈ پر مظاہرہ کیا اور ٹائر جلاکر روڈ بلاک کر دی جبکہ کالعدم جیش الاسلام نے پسنی روڈ واقعہ کی ذمہ داری قبول کرلی۔ جیش الاسلام کے ترجمان غازی حق نواز نے نامعلوم مقام سے فون پر واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ مجاہدین نے پسنی روڈ پر ٹیکسی پر حملہ کرکے مذہبی تنظیم کے کارکنوں کو نشانہ بنایا ہے جبکہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے ناظم الامور محمد علی خان ایڈووکیٹ اور ترجمان طارق احمد جعفری نے ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں حکومت ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہو جائے جبکہ تحفظ عزاداری کونسل کے مرکزی چیئرمین رحیم جعفری نے چیف جسٹس آف پاکستان اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان واقعات کا نوٹس لیں جبکہ نیوکچلاک بازار میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص جمعہ خان کو ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے جبکہ کوئٹہ قمبرانی روڈ پر خضدار میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 2 افراد کو جاں بحق کر ڈالا جبکہکوئٹہ کے علاقے سریاب تھانے کے قریب واقع محکمہ زراعت کے دفتر کے قریب نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے قریب کھڑی گاڑی میں بیٹھے ہوئے بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سب انجینئر نوید احمد موقع پر جاں بحق جبکہ اے ایس آئی آفتاب احمد ¾ سجاد احمد اور عبدالسلام شدید زخمی ہوگئے، دھماکہ سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور نزدیکی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ جان محمد روڈ پر واقع جدون چوک کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے کچرے کے ڈھیر میں رکھا ہوا دھماکہ خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ سرےاب روڈ پر دکان پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھےنکا جو دکان کے قرےب گر کر زوردار دھماکے سے پھٹ گےا جسکے نتےجے مےں 2 افراد زخمی ہو گئے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں موٹر سائیکل ڈبل سواری پر دو ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔ کالے شیشوں والی گاڑیوں اور اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی ہو گی۔