بلے باز بھارت کے ہاتھوں شکست کے ذمہ دار ہیں : باسط علی
اسلام آباد (اے پی پی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز باسط علی نے کہا کہ بھارت کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں شکست کے ذمہ دار بلے باز ہیں اور پاکستان نے کلین سویپ کا گولڈن چانس ضائع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلے دونوں ایک روزہ میچوں میں باﺅلنگ اور بیٹنگ دونوں میں عمدہ کارکردگی دکھائی تاہم تیسرے ایک روزہ میچ میں بلے بازوں نے مایوس کن کارکردگی دکھائی اور 167 رنز کا آسان ٹارگٹ حاصل کرنے میں ناکام ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس بھارت کو کلین سویپ کرانے کا اچھا موقع تھا تاہم بلے بازوں نے باﺅلرز کی محنت کو پانی میں بہا دیا اور آسان ٹارگٹ حاصل نہ کر سکے۔ باسط علی نے کہا کہ تینوں میچوں میں بھارت کے خلاف ہمارے باﺅلرز چھائے رہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف عمدہ کارکردگی جنوبی افریقہ دورہ کیلئے مددگار ثابت ہوگی۔