آزاد کشمیر میں دراندازی بھارتی جارحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے: متحدہ جہاد کونسل
سرینگر (کے پی آئی) متحدہ جہاد کونسل نے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اورگولہ باری کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے۔ تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے کہا کہ کشمیر کی جنگ بندی لائن پر پاکستان، بھارت افواج کے درمیان گولہ باری اور فائرنگ کے مسلسل تبادلے تشویشناک ہیں۔ بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر کے باغ ( حاجی پیر سیکٹر) علاقے میں در اندازی اور شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ بھارت کی جارحیت کی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جب تک مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی مرضی کے مطابق حل نہیں ہوتا تب تک پاکستان اور بھارت کے درمیان نام نہاد مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکتے ہیں۔