وسطی پنجاب میں ریکار توڑ سردی‘ لاہور‘ گوجرانوالہ میں درجہ حرارت صفر
لاہور /گوجرانوالہ/ فیصل آباد (کامرس رپورٹر/ نمائندہ خصوصی/ نامہ نگاران) لاہور سمیت پنجاب کے وسطی علاقوں میں سردی کا 50سالہ ریکارڈ پھر ٹوٹ گیا، گذشتہ رات لاہور اور گوجرانوالہ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد تک گر گیا، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ساہیوال میں سردی نے مری کے مزے کرا دئیے جہاں کا درجہ حرارت مری کے برابر منفی 2ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور گوجرانوالہ ڈویژنز 10دن سے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں جہاں کم سے کم درجہ حرارت صفر کے قریب اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 7سے 9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور سخت سردی کی لہر جنوری کے آخر تک برقرار رہے گی۔ شدید سردی اور دھند نے 18دنوں سے سورج کی حکمرانی عملاً ختم کر رکھی ہے، بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق شدید سردی کا گذشتہ50سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، بہاولپور میں شدید دھند اور سردی کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا، لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے، دکانیں اور شہر ویران، ہیٹر، گیس اور کوئلوں کا استعمال بڑھ گیا، خشک میوہ جات، گرین ٹی اور قہوہ سردی کو کم کرنے کیلئے پیا جانے لگا۔ این این آئی کے مطابق پشاور سمیت خیبر پی کے کے دیگر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، گزشتہ روز سکردو میں سب سے کم درجہ حرارت منفی 17ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں سکردو، استور سمیت ملک کے تمام علاقوں میں برف باری تو رک گئی، لیکن پہاڑوں پر موجود برف اور چلنے والی سرد ہوائیں خون جمارہی ہیں۔ استور منفی 15 اور ہنزہ میں درجہ حرارت منفی 12 ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان، خیبر پی کے کے بالائی علاقوں، کشمیر، گلگت بلتستان میں سردی کی لہر مزید چند روز بر قرار رہے گی۔ رات گئے لاہور کے بعض علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوئی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شدید سردی اور دھند کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا اور سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات کی تعداد میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح مےں شدید دھند رہی جی ٹی روڈ، موٹر وے کے کچھ حصے شدےد دھند کی وجہ سے بند رہے۔ اسلام آباد ، لاہور اور پشاور ائیر پورٹ پر پروازوںکا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔