آصفہ بھٹو نے سندھ میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا، جاںبحق ورکرز کے لواحقین سے ملاقات
کراچی (وقائع نگار) انسداد پولیو مہم کی سفیر آصفہ بھٹو زرداری نے سندھ میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح ابراہیم علی بھائی سکول، لاشاری کمپلیکس گذری کلفٹن کراچی سے کر دیا۔ انسداد پولیو مہم کے دوران انہوں نے سکول کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔ انہوں بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے۔ آصفہ بھٹو زرداری نے جاںبحق ہونے والے ورکرز کے لواحقین و زخمی ورکرز سے چیف منسٹر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، مملکتی وزیر بیگم شہناز وزیر علی، ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا، کمشنر کراچی ہاشم رضا زیدی، سیکرٹری صحت آفتاب احمد کھتری، پروجیکٹ ڈئریکٹر ای پی آئی EPI، ڈپٹی کمشنرز ساﺅتھ، سینٹرل، ویسٹ و دیگر بھی موجود تھے۔ آصفہ بھٹو ہر لواحقین سے ذاتی طور پر جا کے ملیں اور پولیو ورکرز کے جاںبحق ہونے پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمی ورکرز سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ حکومت نے شہید ورکرز کے ورثا کو مالی امداد فراہم کی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ حکومت متاثرہ خاندانوں اور زخمی ورکرز کا مزید خاص خیال رکھے گی۔