طاہر القادری سے نظریاتی اختلاف ضرور لانگ مارچ کو نشانہ نہیں بنائیں گے: تحریک طالبان
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) تحریک طالبان پاکستان نے وزیر داخلہ رحمن ملک کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے طاہر القادری کے لانگ مارچ کو نشانہ بنانے کی کوئی دھمکی نہیں دی۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے فرانسیسی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں طاہر القادری کے لانگ مارچ سے کوئی مسئلہ نہیں ہے اور ہم اسے نشانہ نہیں بنائیں گے۔ طاہر القادری سے نظریاتی اختلافات ضرور ہیں مگر کوئی دھمکی نہیں دی، دھمکی کی باتیں کر کے بعض سیاسی جماعتیں اور حکومت سیاسی نمبر بنا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ لاہور میں ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے دعویٰ کیا تھا کہ طالبان نے لانگ مارچ کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ طاہر القادری سے نظریاتی اختلاف ہے لیکن انہیں کوئی دھمکی نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان پہلے کارروائی کرتی ہے پھر ذمہ داری قبول کرتی ہے۔