اپنی جماعتوں میں آمریت قائم کرنے والے جمہوریت کے چیمپئن بنے بیٹھے ہیں: فضل کریم
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ اپنی جماعتوں میں آمریت قائم کرنے والے جمہوریت کے چیمپئن بنے ہوئے ہیں، ملکی الیکشن کی طرح جماعتوں کے اندر انتخابات بھی ضروری ہیں، جمہوریت صرف الیکشن کا نام نہیں، جمہوریت کے تمام تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔ سیاست کی تطہیر نہ ہوئی تو کبھی تبدیلی نہیں آئے گی ۔ جنم جنم کی میلی جماعتیں عوام کو کچھ نہیں دے سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ عام انتخابات کے انعقاد کا مکمل انحصار ایسی نگران حکومتوں کے قیام پر ہے جن کو تمام جماعتوں کا اعتماد حاصل ہو، اگر نگران حکومتوں کے قیام کا مرحلہ خوش اسلوبی سے طے نہ پایا تو عام انتخابات کا بروقت انعقاد مشکوک ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ انقلابِ نظامِ مصطفی کے لئے ہونا چاہئے۔ حکمران بے رحم انقلاب کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ نرم انقلاب نہ آیا تو گرم انقلاب آئے گا جو سب کچھ بہا کر لے جائے گا۔ ملک کی دولت لوٹنے والوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔