جماعت اہلسنت ووٹ کا درست استعمال کرنے کیلئے مہم چلائے گی: ریاض حسین شاہ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ جماعت اہلسنّت قوم میں ووٹ کے درست استعمال کا شعور بیدار کرنے کے لیے مہم چلائے گی تاکہ آئندہ الیکشن میں دیانتدار اور باکردار لوگ منتخب ہو سکیں۔ استحکام پاکستان کے لیے محب وطن طاقتیں متحد ہو جائیں، مسلمانوں کا واحد اور حقیقی آئین قرآن ہے۔ اسلام ارتکازِ دولت کا مخالف ہے، علماءو مشائخ ظلم اور جرم کا راستہ روکیں۔ حکمران امریکہ کی بجائے اللہ سے ڈریں اور واشنگٹن کی بجائے مکّہ اور مدینہ کو اپنی عقیدتوں کا مرکز بنائیں۔ صوفیاءکو ماننے والے اپنا ووٹ صرف ”یا رسول اللہ“ کہنے والوں کو دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن طلبائے اسلام پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ریاض حسین شاہ نے کہا کہ مذہبی قائدین دینی مفادات کو سیاسی مفادات پر قربان کرنے کی روش چھوڑ دیں اور قومی قائدین تخریب کی بجائے تعمیر کی سیاست کریں کیونکہ ملک کسی مہم جوئی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ دنیا کی ساری بدامنی کے پیچھے یہودیوں کا ہاتھ ہے، مسلمان یہودی کمپنیوں کا بائیکاٹ کریں۔ اہل حق اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کے لیے گنبد ِ خضریٰ والے پرچم تلے متحد ہو جائیں۔ پاکستان میں علم کے فروغ اور جہالت کے خاتمہ کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ علم ہی کے ذریعے پاکستان کو ترقی کے راستے پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔