• news

الیکشن کمشن آج فوج کی مدد سے کراچی میں ووٹرز کی تصدیق کا عمل شروع کرے گا

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) الیکشن کمشن فوج کی مدد سے کراچی میں گھر گھر ووٹرز کی تصدیق کا عمل آج سے شروع کرے گا۔ 68 لاکھ ووٹرز کی تصدیق کیلئے 15 ہزار افراد پر مشتمل عملہ حصہ لے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ووٹرز کی تصدیق کے عمل کیلئے فوج کی تعیناتی کا عمل شروع کر دیا گیا۔ الیکشن کمشن آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں شماریاتی بلاک کے ہر گھرانے کی تصدیق کی جائے گی جس کے بعد ووٹرز کی تصدیق ہو گی۔ ووٹرز تصدیقی فارم میں گھرانہ نمبر‘ سربراہ کا نام‘ مکمل پتہ‘ شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کی تعداد درج کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ووٹر ذاتی طور پر یا اہل خانہ میں سے کوئی بھی فرد ووٹرز کی تصدیق کر سکتا ہے۔ رجسٹریشن آفیسر تصدیقی عمل اور ریکارڈ مرتب کرانے کے ذمہ دار ہوں گے۔ انتخابی فہرستوں کی تصدیق فوج اور ایف سی کی نگرانی میں کی جائے گی، روزانہ کی تصدیقی کارروائی کی رپورٹ متعلقہ ضلعی الیکشن افسران کو جمع کرائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن سندھ کی جانب سے فوج کو شماریاتی بلاکس کی مکمل تفصیل اور نقشے مہیا کر دیئے گئے ہیں۔ دوسری جانب وزارت دفاع کے ذرائع کے مطابق فوج اور تمام فورسز الیکشن کمشن کے عملے کو تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ دار ہوں گی جبکہ تصدیق کی ذمہ داری الیکشن کمشن کی ہو گی۔ 15 جنوری سے یکم فروری تک ووٹرز کی تصدیق ہوگی، یکم فروری سے 8فروری تک الیکشن کمشن ریکارڈ مرتب کرے گا، 4 سے 22 فروری تک نادرا ریکارڈ کی تصدیق کرکے دوبارہ الیکشن کمشن کو بھیجے گا۔مزید برآں الیکشن کمشنر سندھ محبوب انور نے کہا ہے کہ ووٹرز کی تصدیق کے لئے تمام ضلعی افسروں کی تعیناتی کا کام مکمل ہو گیا ہے۔ اگر کسی وجہ سے ووٹرز کی تصدیق نہیں ہوتی تو اہلکار 3 بار اس کے گھر تصدیق کے لئے جائے گا۔ اگر 3 بار میں بھی تصدیق نہیں ہو پاتی تو ووٹوں کو کالعدم قرار دیا جائے گا۔ اگرووٹرز لسٹ میں کسی کا نام غلط لکھا گیا ہے تو وہ اس کی بھی تصحیح کرا سکتا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن