مسئلہ کشمیر پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس7فروری کو طلب کیا جائیگا
اسلام آباد (ثناءنیوز) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس تنازعہ کشمیر سے متعلق قومی پالیسی پر بحث کے لئے 7 فروری کو طلب کیا جائے گا ۔ ہفتہ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مشترکہ اجلاس میں کشمیری عوام کی سیاسی اخلاقی سفارتی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا ۔ ہفتہ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے 6 فروری کو خصوصی پارلیمانی کشمیرکمیٹی کے تحت اسلام آباد میں تعینات سفیروں کو مسئلہ کشمیر پر بریفنگ دی جائے گی ۔ 5 فروری کو مسئلہ کشمیر اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے موضوع پر قومی سیمینار ہو گا ۔ بھارتی دانشور ارون دتی رائے کو بھی شرکت کی دعوت دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ ثناءنیوز کے ذرائع کے مطابق ہفتہ یکجہتی کشمیر کے تناظر میں 7 فروری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے لئے مرکزی کمیٹی کی سینیٹر مشاہد حسین کی سربراہی میں قائم سب کمیٹی کی سفارشات کو حتمی شکل دے کر ان کو وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کو بجھوا یاجا رہا ہے ۔ وزیر اعظم ، صدر مملکت کو مسئلہ کشمیر پر مجلس شوریٰ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا مشورہ دیں گے ۔