عوام جھوٹے نعرے لگانے والوں کو پہچانیں‘ کوئی مائی کا لال انتخابات نہیں روک سکتا : شہبازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر + لیڈی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 6 سال تک یورپ اور شمالی امریکہ کی سرد فضاوں سے لطف اندوز ہونے والے لوگ اچانک پاکستان میں نازل ہو کر ملک سے کرپشن کے خاتمے اور انقلاب کی باتیں کس منہ سے کر رہے ہیں؟ پوری قوم جاننا چاہتی ہے کہ جب پاکستان کو سیلاب، ڈینگی اور دیگر قدرتی آفات کا سامنا تھا تو اس وقت یہ درآمدی عناصر کہاں تھے؟ عوام جھوٹے نعرے لگانے والوں کو پہنچانیں، امپورٹڈ عناصر کا ایجنڈا ملک میں انتشار پھیلانا اور جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنا ہے۔ عوام کو مشکلات اور مسائل میں چھوڑ کر بیرون ممالک کی فضاوں کے مزے لینے والے جان لیں! کوئی مائی کا لال پاکستان میں عام انتخابات کے انعقاد کو نہیں روک سکتا اور عوام کا جمہوری حق نہیں چھینا جا سکتا۔ ملک و قوم کا درد رکھنے والوں کو مٹی کے ساتھ مٹی بننا پڑتا ہے اور مشکل حالات میں اپنی قوم کے ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ ملک کا ہر شہری سوچ رہا ہے کہ امپورٹڈ عناصر کے دل میں اچانک ملک و قوم کا درد کیسے جاگ اٹھا ہے۔ ماضی میں اچھے اور برے سیاستدانوں اور آمروں کو گارڈ آف آنر ملتا رہا لیکن انہوں نے قوم کے نونہالوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے کچھ نہ کیا۔ ہم نے پنجاب میں فروغ تعلیم کے لئے انقلابی پروگرام اور قوم کے درخشندہ ستاروں کو گارڈ آف آنر دے کر حقیقی تبدیلی کی بنیاد رکھ دی ہے۔ آئندہ عام انتخابات میں عوام کی خدمت کا دوبارہ موقع ملا تو محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک میں تعلیمی انقلاب برپا کریں گے اور ہر ڈگری ہولڈر کو روزگار دیں گے۔ وہ گذشتہ روز لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی میں ہونہار طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کے دوران 1904 طالبات اور 25 خصوصی طالبات میں میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے اور میرٹ سکالرز کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی میں 25 کروڑ روپے کے ساڑھے چھ ہزار سے زائد لیپ ٹاپ میرٹ پر ہونہار طالبات میں تقسیم کئے گئے ہیں جبکہ صوبے بھر کے ہونہار طلبا و طالبات میں 8 ارب روپے کی لاگت سے 2 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ لیپ ٹاپ کی تقسیم کا پروگرام انتہائی شفاف ہے اور کوئی مائی کا لال اور پھنے خاں ایک بھی لیپ ٹاپ میرٹ سے ہٹ کر دینے یا اس پروگرام میں کرپشن ثابت نہیں کر سکتا۔ میں خود کو اللہ تعالیٰ اور عوام کی عدالت میں جوابدہ سمجھتا ہوں، اسی لئے لیپ ٹاپ کی تقسیم سمیت تمام پروگراموں میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ہمارے پروگرام میں ایک دھیلے کی کرپشن، سفارش، اقرباپروری یا دھونس دھاندلی کا شائبہ تک نہیں نظر آتا۔ قوم کو اپنی بیٹیوں سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ طالبات تعلیم مکمل کرنے کے بعد گھر بیٹھنے کی بجائے عملی میدان میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔ آنے والے وقت میں قوم کی بیٹیاں ڈاکٹرز، انجنینئرز، بنکرز اور سیاستدان بن کر مختلف شعبوں کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکتی ہیں۔ خواتین اگر عملی میدان میں اپنا موثر اور فعال کردار ادا کریں تو ملک کو قائدؒ اور اقبالؒ کے تصورات کے مطابق صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت بنایا جا سکتا ہے۔ اگر ملک کی نصف آبادی خواتین گھروں میں بیٹھ جائیں تو پاکستان کبھی ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل نہیں کر سکتا۔ پاکستان میں دو ماہ بعد انتخابات ہونے جا رہے ہیں، ہم نے عوام کی خدمت عبادت سمجھ کر کی ہے۔ ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے اور عوام ہی اس کے بہترین جج ہیں۔ امید ہے کہ عوام آئندہ ایسی قیادت کو سامنے لائیں گے جو ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ رکھتی ہو۔ مجھے عوام کا خادم کہلانے پر فخر ہے اور جی چاہتا ہے کہ دن رات عوام کی خدمت کرتا رہوں۔ ہمارے ہاتھ اور دامن صاف ہے۔ کرپٹ مافیا نے قومی دولت لوٹ کر ملک کو اندھیروں اور گوناگوں مسائل سے دوچار کر دیا ہے، عوام جھوٹے نعرے لگانے والوں کو رد کر دیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ زر بابا اور چالیس چوروں نے قومی وسائل کی لوٹ مار کر کے ملک وقوم کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ زربابا اور چالیس چوروں کا دیا گل کرنے اور ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لانے کے لئے میاں محمد نوازشریف کو اقتدار میں لانا ہو گا۔ ملک جب سیلاب اور ڈینگی جیسے مسائل سے دوچار تھا اس وقت امپورٹڈ عناصر بیرون ملک کی سرد فضاﺅں سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔ امپورٹڈ ایجنڈے کے ساتھ درآمدی شعبدہ باز سیاستدانوں کے عزائم سے عوام پوری طرح آگاہ ہیں۔ وہ ان کا فراڈ، منتر اور شعبدہ بازی کسی صورت نہیں چلنے دےں گے۔ ڈیڑھ ارب روپے سے سو دنوں میں 6 روڈ چوک پر بننے والے فلائی اوور پر راولپنڈی کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعلیٰ نے فلائی اوور پر کام کرنے والے مزدوروں کے لئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔ وہ فلائی اوور کے افتتاح کے موقع پر پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں بڑے عوامی اجتما ع سے خطاب کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ الےکشن حکومتوں کی تبدیلی کا نہیں بلکہ ملک کی بقا و سلامتی کا ہے۔ شمالی امریکہ اور یورپ کی سرد فضاﺅں سے لطف اندوز ہونے والا ایک شخص امپورٹڈ ایجنڈے کے ساتھ ملک میں وارد ہوا ہے جو عوام سے اس کا جمہوری حق چھیننے اور جمہوری نظام کو تلپٹ کرنا چاہتا ہے۔ اسلام آباد کے کرپٹ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک میں اندھیروں کا راج ہے۔ پنجاب حکومت ہونہار طلبا و طالبات میں میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ کی تقسیم کے ذرےعے تعلیمی انقلاب لا رہی ہے۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے تختی کی نقاب کشائی کر کے فلائی اوور کا افتتاح کیا۔ وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر صبیحہ منصور نے کہا کہ مریم نواز شریف کا تقریب میں آنا ایک پیغام ہے کہ خواتین کو معاشرتی ترقی میں برابر کا کردار ادا کرنے کے لئے میدان عمل میں آنا چاہئے۔ قبل ازیں جب وزیر اعلیٰ شہباز شریف لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی پہنچے تو سینکڑوں طالبات نے پرجوش انداز میں ان کا والہانہ استقبال کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے ممتاز صحافی و کالم نویس محمد علی صدیقی کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔