شاہ زیب قتل کیس : سکندر جتوئی گرفتار‘ شاہ رخ کی گرفتاری کیلئے 16 جنوری تک مہلت
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت + کرائم رپورٹر) سپریم کورٹ میں شاہ زیب قتل کیس کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران شاہ رخ جتوئی کے والد سکندر جتوئی کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔ عدالت نے کراچی پہنچنے تک سکندر جتوئی کو گرفتار نہ کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالتی حکم کے مطابق سکندر جتوئی پولیس تفتیش میں شامل ہوں، اس سے زیادہ ریلیف نہیں دے سکتے۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ سکندر جتوئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہوئے ہیں۔ سکندر جتوئی کا ٹی وی چینل اور سیمنٹ فیکٹری سب کچھ بند کیا ہوا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پولیس عدالت کے باہر سے گرفتار کرے تو ہمارا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ درخواست سکندر جتوئی کے وکیل عبدالحفیظ پیرزادہ کی طرف سے کی گئی تھی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ سکندر جتوئی کو ایک دن کی حفاظتی ضمانت دی جائے۔ سکندر جتوئی اپنے بیٹے شاہ رخ کو واپس لانے کے لئے دباﺅ ڈالیں گے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے شاہ رخ کو واپس لانے کے لئے سکندر جتوئی کیا کرتے ہیں، ہمیں اس سے کوئی غرض نہیں، آئی جی سندھ نے کیس کی رپورٹ بھی پیش کی۔ عدالت نے شاہ رخ جتوئی کی گرفتاری کے لئے 16 جنوری کی مہلت دیدی۔ قبل ازیں سپریم کورٹ میں شاہ زیب قتل کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ سکندر جتوئی عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل عبدالحفیظ پیرزادہ نے عدالت سے کہا کہ سکندر جتوئی عدالت میں ہیں اور پولیس انہیں گرفتار کرنا چاہتی ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا سکندر جتوئی ہمارے پاس کیا لینے آئے ہیں۔ کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔ سکندر جتوئی کو چاہئے پولیس کو گرفتاری دیں اور تفتیش میں معاونت کریں۔ سکندر جتوئی کو آج (جمعہ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا، ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔ این این آئی کے مطابق متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تحویل مجرمان کا معاہدہ نہ ہونے کے باعث شاہ رخ قتل کیس کے مرکزی ملزم کو ملک میں واپس لانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔