• news

کراچی: فوج کی سکیورٹی میں خانہ شماری‘ ووٹروں کی تصدیق کا کام شروع

کراچی (وقائع نگار) سندھ کے الیکشن کمشنر محبوب انور نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن کے عملے نے پہلے مرحلے میں کراچی میں خانہ شماری کا کام شروع کردیا ہے جو آئندہ پانچ روز تک جاری رہے گا۔ کراچی میں فوج ووٹرز کی تصدیق کے عمل تک موجود رہے گی۔ وہ صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنا کام کررہا ہے اور فوج اپنا کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانہ شماری کے بعد 15 جنوری سے کراچی میں گھر گھر جاکر ووٹرز کی تصدیق اور نئے ووٹرز کے اندراج کا کام شروع کیا جائے گا جو یکم فروری تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حتمی انتخابی فہرستیں 8 مارچ تک جاری کر دی جائیں گی۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں خانہ شماری کی تصدیق کی جائے گی اس ضمن میںاسسٹنٹ رجسٹریشن افسران کے دفاتر میں ضروری سامان اور تصدیقی فارم مہیا کر دئیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 15 ہزار افراد پر مشتمل عملہ اس مہم میں حصہ لے رہا ہے، 15 جنوری سے یکم فروری تک ووٹرز کی تصدیق ہوگی ، یکم فروری سے 8 فروری تک الیکشن کمیشن ریکارڈ مرتب کریگا، 4 سے 22 فروری تک نادرا ریکارڈ کی تصدیق کرکے دوبارہ الیکشن کمیشن کو بھیجے گا۔

ای پیپر-دی نیشن