• news

فوج کا نیا ڈاکٹرائن : اعلان کے 72 گھنٹوں بعد بھارت نے پاکستانی چوکی پرحملہ کر دیا

اسلام آباد (جاوید صدیق) بھارت نے اچانک پاکستان کے خلاف کشیدگی کو ہوا دینا شروع کر دی ہے۔ لائن آف کنٹرول پر رونما ہونے والے واقعات کے بعد بھارتی وزیر داخلہ نے الزام لگایا ہے کہ پونچھ سیکٹر میں جہاں پاکستان نے مبینہ طور پر بھارتی چوکی پر قبضہ کیا تھا کچھ دن پہلے حافظ سعید نے اس کا دورہ کیا تھا۔ ادھر شیوسینا نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کے چار جوانوں کی جان لی جائے جبکہ بھارت میں بدعنوانی کے خلاف تحریک چلانے والے انا ہزارے نے کہا ہے کہ پاکستان کو 1965ء والا سبق سکھایا جائے۔ پاکستان میں عسکری اور علاقائی امور کے ماہرین نے اچانک بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی بڑھانے کے محرکات کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ واضح رہے پاک فوج کی طرف سے نیا عسکری نظریہ جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردوں اور عسکریت پسندوں سے سب سے بڑا خطرہ ہے اور بیرونی خطرہ اتنا زیادہ نہیں منظر عام پر آنے کے 72 گھنٹوں میں بھارت نے لائن آف کنٹرول پر پاکستانی چوکی پر حملہ کرکے صورتحال کو کشیدہ بنا دیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق بھارت لائن آف کنٹرول پر فوج کی تعداد بڑھا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن