اقوام متحدہ سے ثالثی، پاکستان اور بھارت کی مدد پر تیار ہیں: امریکہ
واشنگٹن (آن لائن) امریکہ نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ کشیدگی کے بعد تحمل کا مظاہرہ کریں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ کی گفتگو کی تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’دونوں ملکوں کے لئے تشدد کا راستہ جواب نہیں ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن حکومت بھارت اور پاکستان دونوں کے ساتھ ہی رابطے میں ہے اور اس معاملے پر کشیدگی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کے حل کے لئے بھارت اور پاکستان کے مابین اعلیٰ سطحی مشاورت ہونی چاہیے۔ وکٹوریہ نولینڈ کے مطابق اگر اس معاملے پر دونوں ممالک آپس میں مذاکرات کے ذریعے تصفیہ کر لیتے ہیں تو یہ بہترین ہو گا لیکن اگر وہ اس تناظر میں اقوام متحدہ کی ثالثی یا مدد چاہتے ہیں تو اس حوالے سے بھی ان کی مدد کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے سفارتخانوں میں تعینات امریکی سفارتکار ان مبینہ واقعات کے رونما ہونے کے بعد پیدا ہونی والی کشیدہ صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔