• news

آبدوز سکینڈل، سرکوزی کیخلاف نئی تحقیقات شروع، تفتیش افشا کرنے کا الزام

پیرس (اے ایف پی) فرانس کے تین ججوں نے سابق صدر سرکوزی کیخلاف کراچی معاملہ سے متعلق نئی تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات یہاں ایک عدالتی ذریعہ نے بتائی۔ تینوں جج اس تحقیقات کے ذریعے یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ستمبر 2011ء میں کراچی کے معاملہ کے بارے میں صدارتی محل کی جانب سے ایک پریس ریلیز شائع کراکے سرکاری راز افشا کرنے سے روکنے کے قانون کی خلاف ورزی تو نہیں کی اس پریس ریلیز میں کہاگیا تھا کہ کراچی معاملہ کی فائلوں میں کہیں بھی سرکوزی کا نام شامل نہیں، کراچی کے اس واقعہ میں جو 2002ءمیں پیش آیا بم حملے میں 11 فرانسیسی انجینئرز مارے گئے تھے ان انجینئروں کے اہل خانہ کی جانب سے سرکوزی پر مقدمہ دائر کیا گیا تھا کہ انہوں نے زیر تفتیش معاملہ کی تحقیقات شائع کراکے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ عدالت میں استغاثہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سرکوزی کیخلاف تحقیقات نہیں کی جا سکتی کیونکہ انہیں اس وقت صدارتی استثنیٰ حاصل تھا تاہم ججوں نے اسے مسترد کردیا اور کہا کہ صدر کے دائرہ کار میں یہ بات شامل نہیں کہ وہ زیر تفتیش معاملہ کی اطلاع کو منظرعام پر لائیں۔ واضح رہے کہ کراچی دھماکہ کے بعد آبدوز سکینڈل میں سرکوزی کے ملوث ہونے سمیت مختلف تحقیقات کا آغاز ہوا تھا اس سکینڈل میں سرکوزی کے دو معاونین بھی ملوث پائے گئے اس وقت سرکوزی وزیر بجٹ تھے۔

ای پیپر-دی نیشن