پہلی سپر لیگ کرانے کا اعلان‘ غیرملکی ٹیموں کو پاکستان لانے میں مدد ملے گی: ذکاءاشرف
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلی پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔ پی ایس ایل 26 مارچ سے 7 اپریل تک کھیلی جائے گی جس میں پانچ ٹیمیں ہونگی جنہیں شہروں کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ یہ بات پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چوہدری ذکاءاشرف نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں پاکستان سپر لیگ کے لوگو کی تقریب رونمائی کے موقع پر پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر پاکستان سپر لیگ کے مینجنگ ڈائریکٹر سلمان سرور بٹ، آئی سی سی سابق چیف ایگزیکٹو اور پی ایس ایل کے ایڈوائزر ہارون لورگٹ، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد بھی موجود تھے۔ذکاءاشرف کا کہنا تھا کہ آج ایک یادگاری لمحہ ہے جب بھارت ، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی طرز پر پاکستان سپر لیگ کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں پاکستان سپر لیگ کے نام سے ہونے والے ٹورنامنٹ آئی پی ایل، بی پی ایل اور ایس سی ایل سے اچھا ایونٹ ہوگا۔ اس ایونٹ کے کرانے کا صرف ایک مقصد ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ دیا جا سکے اس کے ساتھ ساتھ غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان لانے میں بھی مدد ملے گی۔ پاکستان کے کاروباری حلقوں کے علاوہ امریکہ، کینیڈا اور یورپی ممالک کو دعوت دیتا ہوں کہ اس لیگ کو سپانسر کریں یہ بڑی منافع بخش لیگ ہوگی۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورہ پر آئے گی تو مستقبل میں اسے سپورٹ کرنے کا سوچیں گے۔ پاکستان سپر لیگ کے مینجنگ ڈائریکٹر سلمان سرور بٹ کا کہنا تھا کہ ابتدائی مرحلے میں پاکستان سپر لیگ کو دو ہفتے تک محیط رکھا گیا ہے جس میں پانچ ٹیمیں حصہ لینگی جنہیں شہروں کے نام سے فرنچائز کیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 23 میچز کھیلے جائیں گے۔ ہر ٹیم میں 6 انٹرنیشنل ، 10 لوکل جبکہ 2 ایمرجنگ کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا۔ ٹیموں کی فروخت اور براڈ کاسٹ کے حقوق فروخت کرنے کے لیے جلد اشتہارات جاری کر دیئے جائیں گے۔ پاکستان سپر لیگ کے ایڈوائزر ہارون لورگٹ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ سے پاکستان کا نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا میری پوری کوشش ہے کہ پاکستان میں جلد از جلد بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہو۔ ہم نے کوشش کی کہ اگر پاکستان میں کرکٹ نہیں ہو سکتی تو کم از کم پاکستان کو انٹرنیشنل کرکٹ سے دور نہ ہونے دیا جائے۔