طاہر القادری سے چودھری برادران کی ملاقات‘ لانگ مارچ روکنے پر قائل نہ کر سکے
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی ڈاکٹر طاہر القادری کو لانگ مارچ کا اعلان واپس لینے پر قائل نہ کر سکے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ 14 جنوری کو لانگ مارچ ہرگز، ہرگز ملتوی نہیں ہو گا۔ مذاکرات کے معنی یہ نہ لئے جائیں کہ 14 جنوری کا لانگ مارچ ملتوی ہو رہا ہے۔ مذاکرات لانگ مارچ کے موقع پر اسلام آباد میں ہونگے۔ آج چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کروں گا۔ شجاعت حسین اور پرویز الٰہی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے پارلیمنٹ ہاﺅس پہنچنے پر بھی مذاکرات ہونے ہیں۔ حکومت نے دیر نہیں اندھیر کر دی ہے۔ بات چیت کی اچھی ابتدا ہوئی ہے۔ چودھری شجاعت ہماری بات وزیراعظم تک پہنچائیں گے، مذاکرات کا 14 جنوری کے لانگ مارچ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ لانگ مارچ سے متعلق طاہر القادری سے مذاکرات شروع کر دیئے۔ اتحادی جماعتوں کی خواہش تھی کہ معاملہ پرامن طریقے سے حل ہو۔ ڈاکٹر طاہر القادری کے مطالبات پر عملدرآمد کرانے کی کوشش کرینگے۔ طاہر القادری کا چارٹر آف ڈیمانڈ حکومت کو پیش کرینگے۔ پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ طاہر القادری نے تحفظات کا اظہار کیا ہے، امید ہے کہ قابل قبول حل کی طرف پیشرفت ہو گی۔ طاہر القادری سے ملاقات کا مقصد بہتر حل نکالنا تھا، لانگ مارچ ہوتے رہتے ہیں۔ اتحادیوں نے طاہر القادری سے مذاکرات کے اختیارات دیئے ہیں۔ اختیارات ملتے ہی مذاکرات کیلئے آ گئے۔ حتمی نتائج تک مذاکرات کا سلسلہ چلتا رہے گا۔ روزانہ کی بنیاد پر مذاکرات کرینگے۔