• news

قائداعظم ٹرافی : لاہور راوی نے کوئٹہ کو ایک اننگز اور 72 رنز سے ہرا دیا


لاہور (سپورٹس رپورٹر) قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے مرحلے میں لاہور راوی نے کوئٹہ کو ایک اننگز اور 72رنز سے شکست دے دی۔ ملتان اور پشاور، لاہور شالیمار اور فیصل آباد، بہاولپور اور ایبٹ آباد کے مابین میچ ڈرا ہو گئے۔ لاہور راوی کی پہلی اننگز کے سکور 414رنز کے جواب میں کوئٹہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 236 رنز بنا کر فالوآن کا شکار ہو گئی۔ قیصر عباس 117رنزبناکر نمایاں رہے۔ لاہور راوی کے عدنان رسول نے پانچ کھلاڑیوںکو آﺅٹ کیا۔ کوئٹہ کی ٹیم دوسری اننگز میں 106 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ قیصر عباس 27رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ محمد خیل نے 44رنز کے عوض پانچ اور عدنان رسول نے 22 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ عدنان رسول نے میچ میں نو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ لاہور شالیمار کی ٹیم پہلی اننگز میں 458 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ عمر اکمل 107،حافظ زوہیب 85 اور عثمان صلاح الدین 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اسدعلی نے چار، نصیر اکرم نے تین اور احسان عادل نے دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ 193 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد فیصل آباد کی ٹیم نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 47 رنز بنائے۔ آصف علی 37 رنز بناکر ناٹ آﺅٹ رہے۔ پہلی اننگز میں برتری کی بنیاد پر لاہور شالیمار کو تین پوائنٹس مل گئے۔ پشاور نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 294 رنز بنائے۔ اسراراللہ 127اور محمد رضوان 89 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ صہیب مقصود نے چار کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ پہلی اننگز میں برتری کی بنیاد پر ملتان کو تین پوائنٹس مل گئے۔ بہاولپور کی ٹیم ایبٹ آباد کے خلاف دوسری اننگز میں 296 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی ۔ کامران حسین 79 اور ذوالقرنین حیدر 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ احمد جمال نے پانچ کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ ایبٹ آباد نے دوسری اننگز میں دو وکٹوں 70 رنز بنائے تھے۔ حماد علی 37 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پہلی اننگز میں برتری کی بنیاد پر ایبٹ آباد کو تین پوائنٹس مل گئے۔

ای پیپر-دی نیشن