پی ایس ایل کرکٹ کی ترقی کا پہلا زینہ ثابت ہوگا
باغات کے شہر لاہورمیں گزشتہ سے پیوستہ روز ایک مقامی ہوٹل میں پاکستان کرکٹ کا ایک خوشبودار پھول کھلا ہے۔امید ہے اسکی خوشبو پھیلے گی اور پاکستان میں کرکٹ کے ویران میدان آباد ہوںگے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے لمبے اور کٹھن سفر کی طرف پہلا قدم بڑھایا ہے۔کئی برسوں سے جاری محنت،جدوجہد اورکوششیں رنگ لائی ہیں ۔سو ملین ڈالر کی پاکستان سپر لیگ کے لوگو کی تقریب رونمائی ہوچکی ہے۔26مارچ سے7اپریل تک لاہور میں ہونیوالی اس لیگ میںغیر ملکی سٹارز کی شرکت کے حوالے سے خاصے پُر امید ہیں۔ پاکستان سپر لیگ میں پانچ ٹیمیں مجموعی طورپر 23میچ کھیلیں گی۔ ہر ٹیم میں 6غیر ملکی کھلاڑی شامل ہوںگے۔ 10پاکستانی اور دو ایمرجنگ کھلاڑی بھی ہر ٹیم کا لازمی طورپر حصہ ہوںگے۔ پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب کیلئے 23 مارچ کے تاریخی دن کا انتخاب کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین ذکاءاشرف سپر لیگ کے کامیاب اور پُر امن انعقاد کے حوالے سے پُر امید ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ابتدا میں اس لیگ میں پانچ ٹیمیںحصہ لیں گی جبکہ ہر سال کامیاب انعقاد کے بعد آئندہ تین برس میں ٹیموںکی تعداد بڑھا کر آٹھ کر دی جائیگی۔