• news

پنجاب پیرا میڈیکس الائنس کی مطالبات کے حق میں ریلی، نعرے

لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب پیرا میڈیکس الائنس نے اپنے مطالبات کے حق میں پی آئی سی چوک سے سروسز ہسپتال تک احتجاجی ریلی نکالی۔ احتجاجی ریلی کی قیادت سلطان محمود بھٹی سرپرست اعلیٰ نے کی۔ احتجاجی ریلی میں مطاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے۔ جن پر اپنے مطالبات کے حق میں بیوروکریسی اور پنجاب حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی میں لاہور کے ضلعی چیئرمین میاں خالد محمود، ضلعی صدر اکبر جاوید، شعیب انور چودھری ضلعی آرگنائر لاہور، سینئر نائب صدر عاشق گجر، حافظ دلاور، میاں محمود، حافظ اکمل، احمد بلوچ، رانا مالک، آباد، بلال مصطفی، عاشق غوث، ملک سلامت علی اور اس کے علاوہ سروسز ہسپتال، PIC اور مینٹل ہسپتال کے دیگر پیرا میڈیکس (گریڈ 1 تا 17) اور ہیلتھ سپورٹنگ سٹاف نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا 19 دسمبر کے احتجاجی دھرنے کے تین ہفتے گزرنے اور خواجہ سلمان رفیق کی واضح یقین دہانی کے باوجود پنجاب حکومت اور بیوروکریسی پیرا میڈیکس اور ہیلتھ سپورٹنگ سٹاف کے مطالبات کو سنجیدگی سے حل نہیں کر رہی۔ پنجاب حکومت اور بیوروکریسی نہیں چاہتی ہیلتھ پروفیشنل اپنا کام دلجمعی اور سکون سے کریں۔ اس لئے وہ شاید ان کے مسائل حل کرنا نہیں چاہتی۔ اگر مسائل جلد از جلد حل نہ کئے تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائے گا۔ مظاہرین نے حکومت پنجاب پر واضح کرتے ہوئے کہا اگر حکومتِ پنجاب اور بیوروکریسی اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہی تو پورے پنجاب کے پیرا میڈیکس (گریڈ 1 تا 17) اور ہیلتھ سپورٹنگ سٹاف 22 جنوری کو وزیر اعلیٰ ہاﺅس کے باہر بھرپور احتجاجی دھرنا دیں گے اور یہ مطالبات کے نوٹیفکیشن کے اجرا تک جاری رہے گا۔ مظاہرین کا کہنا تھا وہ YDA پنجاب کے خلاف حکومت پنجاب اور بیوروکریسی کی انتقامی کارروائیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور کسی کے خلاف بھی حکومتی انتقامی کارروائی ہونے کی صورت میں ہم سب ایک ہیں متحد اور اکھٹے ہو کر اپنا دفاع کریں گے۔ گرفتاریوں اور تشدد سے ڈرنے والے نہیں اور نہ ہی PEDA ایکٹ کے تحت ہونے والی کارروائیاں ان کے نیک عزائم کو روک سکتی ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن