چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کو ہٹانے کا طریقہ آئین میں طے ہے: فخر الدین ابراہیم
کراچی (آئی این پی) چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم نے منہاج القرآن کے سربراہ علامہ طاہر القادری کی طرف سے الیکشن کمشن کی تحلیل کے مطالبے پر کہا ہے کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کو ہٹانے کا طریقہ کار آئین میں طے ہے۔ علامہ طاہر القادری کے مطالبہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے اسے طاہر القادری کی ذاتی رائے قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور کمشن کے ارکان کے عہدے آئینی ہیں اور انہیں ہٹانے کا طریقہ کار آئین میں طے ہے۔طاہر القادری کی انتخابی اصلاحات کمیٹی کے چیئرمین اور سابق سیکرٹری الیکشن کمشن کنور دلشاد نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن آئین میں حالیہ ترمیم کے تحت بنا ہے، چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کو صرف ریفرنس کے ذریعے ہی ہٹایا جا سکتا ہے۔ ان کے خلاف مس کنڈکٹ کے آرٹیکل 209 کے تحت ریفرنس دائر کیا جائے۔ حکومت چیف الیکشن کمشنر یا ارکان کو نہیں ہٹا سکتی، صرف ریفرنس دائر کر سکتی ہے۔ پارلیمنٹ نے الیکشن کمشن کو مکمل تحفظ دیا ہے۔ کسی جماعت کو الیکشن کمشن پر اعتراض ہو تو وہ بھی ریفرنس دائر کر سکتی ہے۔